اسلام آباد یونائیٹیڈ نے کراچی کنگس کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی
پاکستان سپر لیگ، پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں اسلام آباد یونائیٹیڈ نے کراچی کنگس کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی ہے۔
ابوظبی میں پاکستان سپر لیگ لیگ کے چھٹے سیزن کے باقی ماندہ میچوں کا سلسلہ جاری ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے کے بعد پاکستان سپر لیگ کے میچ روک دیئے گئے تھے اور اب چھٹے سیزن کے باقی ماندہ میچ ابوظبی میں کھیلے جارہے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کا بائیسواں میچ پیر کی رات اسلام آباد یونائیٹیڈ اور کراچی کنگس کے درمیان کھیلا گیا۔
اسلام آباد یونائیٹیڈ نے ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی کنگس کو بلے بازی کی دعوت دی ۔
کراچی کنگس نے مقررہ بیس اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر ایک سو نوے رن بنائے اور حریف ٹیم اسلام آباد یونائٹیڈ کو ایک سو اکیانوے رن کا ہدف دیا۔
یہ ہدف اسلام آباد یونائیٹیڈ نے دو وکٹ کے نقصان پر انیسویں اوور میں حاصل کرلیا ۔
اسلام آباد یونائٹیڈ کی جانب سے کولن منرو اور افتخار احمد ناٹ آؤٹ رہے۔
منرو نے بارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اٹھاسی رن اور افتخار احمد نے پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے اکہتر رن بنائے ۔
کراچیی کنگس کی جانب سے بابر اعظم نے سب سے زیادہ اکیاسی رن بنائے جن میں تین چھکے اور سات چوکے شامل ہیں۔