بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے تو کورونا ویکسین لگوائیں: وزیر اعلیٰ سندھ
پاکستان کی سابق اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی آج اڑسٹھویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
اس موقع پر صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بینظیر بھٹو کی سالگرہ کی مناسبت سے ایک ویڈیو پیغام اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر جاری کیا جس میں انہوں نے بینظیر بھٹو کو بر صغیر کی ایک عظیم اور بہادر خاتون لیڈر قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ملک میں جمہوریت بحال کروائی اور مجھے فخر ہے کہ میری سیاسی تربیت بھی انہیں کے ہاتھوں ہوئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مرحومہ بے نظیر بھٹو نے پولیو کے خلاف مہم میں خود بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا آغاز کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج مرحومہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہم سب کو کورونا ویکسین لگانی چاہئے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی پیدائش اکسیس جون سنہ انیس و ترپن کو کراچی شہر میں ہوئی اور انہوں نے انیس و اٹھاسی سے انیس و نوے اور پھر انیس و ترانوے سے انیس و چھیانوے کے درمیان ملک کی وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔