کوئٹہ کے تھانے میں حزب اختلاف کے ارکان کا دھرنا جاری
پاکستان کے صوبے بلوچستان کے ایک تھانے میں حزب اختلاف کے ایک درجن سے زائد ارکان اسمبلی کے دھرنے کو سات روز مکمل ہوگئے ہیں۔
ہمارے نمائندے کے مطابق بلوچستان کے اسمبلی کے چودہ ارکان اپنے خلاف درج مقدمے میں رضاکارانہ طور پر گرفتاری پیش کرنے کے لیے بائیس جون کو کوئٹہ کے بجلی تھانے پہنچے تھے تاہم پولیس نے انہیں گرفتار نہیں کیا تھا۔
حکومت بلوچستان نے اٹھارہ جون کو اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے دوران ہنگامہ آرائی کے الزام میں حزب اختلاف کے سترہ ارکان اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ حزب اختلاف کے ارکان بجٹ کی تیاری میں اپوزیشن کو نظرانداز کیے جانے کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
ہفتے اور اتوار کی رات صوبائی وزیرِ داخلہ نے حزب اختلاف کے اراکین کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے، اپوزیشن ارکان سے تھانے سے چلے جانے کی اپیل کی تھی، تاہم مذکورہ ارکان نے مقدمے کی واپسی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے سے قبل تھانہ چھوڑنے سے انکار کر دیا تھا۔