افغانستان میں قیام امن کے تعلق سے ایران کے کردار کی اہمیت
ایران، افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتا ہے: پاکستان
اسلامی جمہوریہ ایران میں پاکستان کی سابق سفیر محترمہ رفعت مسعود نے افغانستان سے امریکی فوجیوں کے انخلا، اس ملک میں داعش گروہ کی نقل و حرکت اور فوجی انخلا کے پس پردہ واشنگٹن کے کردارکے تعلق سے تہران کے خدشات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران، افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں انتہائی اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
محترمہ "رفعت مسعود" نے اسلام آباد انسٹی ٹیوٹ برائے پولیٹیکل ریسرچ (آئی پی آر آئی) کے ورچوئل پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں انتہائی اہم کردار حاصل ہے اوروہ اس حوالے سے دیگر علاقائی ممالک بشمول روس اور چین سے تعاون کا خواہاں ہے۔
سابق خاتون پاکستانی سفیر نے کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب و نیز سابق سوویت یونین کے ہاتھوں افغانستان پر قبضے کے بعد، تہران اور کابل کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا؛ یہاں تک کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بھی طالبان کے تسلط کے بعد ہی مسائل کا شکار ہوگئے۔
انہوں نے افغان تارکین وطن کے چیلنجر سے متعلق بھی کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے حالیہ برسوں کے دوران، شدید معاشی پابندیوں کے باوجود لاکھوں افغان مہاجروں کی میزبانی کی ہے۔