سفیر کی بیٹی کے اغوا کا معاملہ، افغانستان اور پاکستان نے سفیروں کو واپس بلالیا
افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا اور تشدد کے واقعے کے بعد افغانستان اور پاکستان نے اپنے اپنے سفیروں کو کابل اور اسلام آباد سے واپس بلالیا ہے -
افغان وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایک اعلی سطحی وفد افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے جلد اسلام آباد جائے گا۔
اس سے پہلے افغان وزارت خارجہ نے پاکستانی سفیر کو طلب کرکے، اسلام آباد میں متعین افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کے واقعے پر شدید احتجاج کیا تھا۔
حکومت افغانستان نے اس واقعے کے بعد اپنے سفیر اور سفارتی عملے کو بھی پاکستان سے واپس کابل بلالیا ہے۔حکومت پاکستان نے بھی افغانستان کے اس اقدام پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کابل سے اپنے سفیر کو پاکستان طلب کرلیا ہے-
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کا اغوا ایک سازش ہے اور اس میں غیر ملکی انٹیلی جینس ایجنسی کا ہاتھ ہے۔
کہا جارہا ہے کہ افغانستان کے سفیر کی بیٹی کو جمعے کے روز اسلام آباد سے اغوا کیا گیا تھا اور چند گھنٹوں بعد تشدد کا نشانہ بنا کر چھوڑ دیا گیا۔