کشمیر: سخت سکیورٹی میں پولنگ جاری
کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے لیے انتخابات آج ہو رہے ہیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں کے لیے پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
ان انتخابات میں 32 لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں جب کہ انتخابات میں 742 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے پریذائیڈنگ آفیسرز سمیت 250 افسران کو مجسٹریٹ کے برابر اختیارات دیئے گئے ہیں۔ انتخابات میں کشمیر کے 33 حلقوں میں سابق وزرائے اعظم، سیاسی جماعتوں کے سربراہان وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔
پاکستان بھر میں رہنے والے 4 لاکھ 5 ہزار 253 کشمیری ووٹر بھی آزاد کشمیر اسمبلی کے لیے اپنے من پسند امیدواروں کو ووٹ ڈالیں گے۔
الیکشن کمیشن کے حکم پر انتخابی عمل کے دوران حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات کردی گئی ہے، 40 ہزار پولیس اہلکار بھی الیکشن ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔
گیلپ پاکستان کے سروے میں کشمیر کے 44 فیصد عوام نے الیکشن میں تحریک انصاف کی حمایت کی جبکہ 67 فیصد کشمیریوں نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا پسندیدہ ترین لیڈر قرار دیا۔