Jul ۲۸, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۷ Asia/Tehran
  • پاکستان نے امریکی رپورٹ کو غلط اور گمراہ کن قرار دے دیا

پاکستان نے امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے اپنے عدالتی نظام کے حوالے سے جاری کی گئی رپورٹ کو غیرمعقول اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے، سختی کے ساتھ مسترد کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی رپورٹ میں لگائے جانے والے الزامات غلط، حقائق کے برعکس اور گمراہ کن ہیں۔

انہوں نے  کہا ہے کہ پاکستان میں عدلیہ آزاد اور آئین و قانون کے مطابق کام کررہی ہیں۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ متحرک جمہوریت کی حیثیت سے حکومتِ پاکستان، ریاست کی انتظامیہ، مقننہ اور عدلیہ کی شاخوں کے مابین اختیارات کی علیحدگی پر پختہ یقین رکھتی ہے اور پاکستان کی عدلیہ پر کسی قسم کے جبر یا دباؤ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

رواں ماہ کے آغاز میں بھی حکومت پاکستان نے انسانی اسمگلنگ کے بارے میں امریکہ کی جاری کردہ رپورٹ میں اسلام آباد پر لگائے جانے والے الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا تھا۔

ٹیگس