پاکستان میں بد عنوانی کے سلسلے میں آئی ایم ایف کی رپورٹ جاری
عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف نے ایک رپورٹ میں پاکستان میں مسلسل بدعنوانی کے خدشات کی نشاندہی کی ہے
سحرنیوز/دنیا: موصولہ رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف نے پاکستان میں گورننس اور بدعنوانی سے متعلق رپورٹ جاری کی ہے جس میں پندرہ نکاتی اصلاحاتی ایجنڈا فوری شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اصلاحات سے پاکستان کی معیشت پانچ سے ساڑھے چھے فیصد تک بہتر ہوسکتی ہے۔
اس رپورٹ کا دائرہ صرف وفاقی سطح کی کرپشن اور گورننس تک محدود ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں کرپشن مستقل چیلنج ہے اور سیاسی اور معاشی اشرافیہ سرکاری پالیسوں پرقبضہ کرکے معاشی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹیکس سسٹم پیچیدہ، کمزور انتظام اور نگرانی بدعنوانی کا باعث ہے، عدالتی نظام کی پیچیدگی اور تاخیر معاشی سرگرمیوں کو متاثر کرتی ہے، ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب میں کمی بدعنوانی کے خطرات کی علامت ہے جب کہ بجٹ اور اخراجات میں بڑے فرق سے حکومتی مالیاتی شفافیت پر سوالات ہیں۔
گورننس اور کرپشن سے متعلق رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان میں گورننس بہتر بنانے سے نمایاں معاشی فائدے حاصل ہوں گے۔