ہندوستان: کشمیر ٹائمز کے دفتر پر چھاپہ
جموں و کشمیر پولیس کی اسٹیٹ انویسٹی گیشن ایجنسی (ایس آئی اے) نے مبینہ طور پر ملک کے خلاف سرگرمیوں کو فروغ دینے کے الزام میں کشمیر ٹائمز کے دفتر پر چھاپہ مارا ہے-
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ خبروں کے مطابق اخبار اور اس کی ایڈیٹر انورادھا بھسین کے خلاف ان کے مبینہ تعلقات اور ایسی سرگرمیوں کی جانچ پڑتال کے لیے جو ہندوستانی خودمختاری کے لیے خطرہ ہیں، مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
کشمیر ٹائمز کی مدیر نے اپنے دفتر پر چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اخبار کے خلاف ’’ریاست مخالف‘‘ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں اوران الزامات کا مقصد اس خطے میں آزاد صحافت کو خاموش کرناہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنا ملک دشمنی کے مترادف نہیں ہے اور اہل اقتدار سے سوال پوچھنے والا پریس، درحقیقت جمہوری نظام کو مضبوط بناتا ہے اسے کمزور نہیں کرتا۔ انورادھا بھسین کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔