Aug ۰۱, ۲۰۲۱ ۲۳:۱۵ Asia/Tehran
  • پاکستان مزید افغان مہاجرین کو برداشت نہیں کرے گا: معید یوسف

حکومت پاکستان نے حالیہ جنگ میں بے گھر ہونے والے افغان مہاجرین کو افغانستان میں ہی رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا ہے کہ بے گھر ہونے والے افغانیوں کو پاکستان میں دھکیلنے کے بجائے ان کے ملک کے اندر رکھنے کے انتظامات کیے جائیں۔ وہ اس سوال کا جواب دے رہے تھے کہ کیا پاکستان مزید افغان مہاجرین کو قبول کرنے کے لیے تیار ہے یا نہیں۔

پاکستان کی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ اگر ایسی کوئی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو یہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ افغانستان کے اندر ایک محفوظ علاقہ بنائے، کیونکہ پاکستان مزید مہاجرین کو قبول کرنے کی توانائی نہیں رکھتا۔

انہوں نے طالبان پر پاکستان کے اثرو رسوخ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا اتنا اثرو رسوخ نہیں ہے کہ افغان طالبان کو وہ کرنے پر مجبور کرسکیں جو وہ نہیں چاہتے۔ معید یوسف کا کہنا تھا کہ اپنے تھوڑے بہت اثر و رسوخ کو استعمال کرتے ہوئے پاکستان اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہا ہے کہ افغانستان میں جاری کشیدگی مزید خونریزی کا باعث نہ بنے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف ستائیس جولائی کو آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل فیض حمید کے ہمراہ افغانستان کی صورتحال پر امریکی حکام سے تبادلہ خیال کے لیے واشنگٹن پہنچے تھے۔

ٹیگس