Aug ۰۲, ۲۰۲۱ ۱۹:۳۰ Asia/Tehran
  • افغانستان کی تحقیقاتی ٹیم کا دورہ پاکستان

افغانستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کے معاملے کی تحقیقات کے لئے ایک وفد پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچا ہے۔

افغان دفتر خارجہ کے ترجمان گران ہیواد نے کہا ہے کہ اسلامی آباد میں افغانستان کے سفیر نجیب اللہ علی ‍خیل کی بیٹی کے اغوا اور اسے ایذا رسانی کے مسئلے کی تحقیقات کے لئے افغانستان کا ایک وفد پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچا ہے۔

انہوں نے اس سلسلے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان میں متعین افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کے واقعہ کا انکشاف ہوا تھا جسے ایذائیں دینے کی بات بھی سامنے آئی تھی، جس سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔

دونوں ملکوں نے کابل اور اسلام آباد میں متعین اپنے اپنے سفیروں کو وطن واپس بلا لیا ہے۔

پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی افغان سفیر کی بیٹی سے متعلق تحقیقات کے لئے افغانستان کی ٹیم کے اسلام آباد پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی کو ہدایت کر دی گئی ہے کہ وہ اپنی تحقیقاتی رپورٹ افغان ٹیم کو فراہم کر دیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ اگر ضرورت ہوئی تو افغان ٹیم ٹیکسی ڈرائیور سمیت گیارہ افراد سے بھی بات چیت کر سکتی ہے۔

ٹیگس