Aug ۲۶, ۲۰۲۱ ۲۰:۰۳ Asia/Tehran
  • پاکستان کے صوبے بلوچستان میں کارروائی، سات دہشت گرد ہلاک

پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے صوبہ بلوچستان میں ایک کارروائی کے دوران سات دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے ادارے سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے بلوچستان کے ضلع لورلائی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر یہ کارروائی کی ہے۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سیکورٹی اہلکاروں نے دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنے کی پیشکش کی تاہم دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کردی۔ سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں سات دہشت گرد مارے گئے جبکہ تین رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ کہا جا رہا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق ایک کالعدم تنظیم سے بتایا گیا ہے تاہم رپورٹ میں مذکورہ تنظیم کے نام کی جانب کوئی اشارہ نہیں کیا گیا۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں، سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی، تحریک طالبان پاکستان، جماعت الاحرار اور بی ایل اے سمیت متعدد کالعدم تنظیمیں سرگرم ہیں اور گاہے بگاہے سیکورٹی اہلکاروں، عام شہریوں اور خاص طور سے شیعہ مسلمانوں پر حملے کرتی رہتی ہیں۔

ٹیگس