سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور کشمیری رہنماوں کی تعزیت
حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر پاکستان میں ایک روزہ سوگ منایا جا رہا ہے اورپاکستانی پرچم کو سرنگوں کر دیا گیا ہے۔
پاکستان کے صدرڈاکٹر عارف علوی نے حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کی وفات سے کشمیر ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گیا وہ ایک باہمت، نڈر اور مخلص راہنما تھے ۔
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کی وفات پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے پوری زندگی اپنے لوگوں اور ان کے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کی۔ بھارتی فوج کے بدترین مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود سید علی گیلانی اپنے موقف پر ڈٹے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی سید علی گیلانی کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم نے سید علی گیلانی کی وفات پر آج (بروز جمعرات) سرکاری سطح پر سوگ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں پاکستانی پرچم سرنگوں رہے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سید علی گیلانی کے انتقال پرگہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی کی تحریک آزادی کے لیے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں انتہائی نمایاں خدمات انجام دیں۔
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم سردارعبدالقیوم خان نیازی نے سید علی گیلانی کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تحریک آزادی کے سرخیل اور مزاحمت کا استعارہ تھے، وہ کشمیریوں کے ایسے ہیرو ہیں جن پر آنے والی نسلیں فخر کریں گی۔ انہوں نے کشمیرکی آزادی کے لیے طویل جدوجہد کی۔
ہندوستان کے زیرانتظام جموں و کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے سید علی شاہ گیلانی کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے ٹویٹ میں کہا کہ گیلانی صاحب کے انتقال کی خبر سے دکھ ہوا۔ ہم زیادہ تر چیزوں پر متفق نہیں تھے لیکن میں ان کے عزم اور ان کے عقائد پر قائم رہنے کے لیے ان کا احترام کرتی ہوں۔ اللہ انہیں جنت الفردوس میں جگہ دیں ، میں ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتی ہوں ۔
گزشتہ روز انتقال کر جانے والے سینئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کو سخت سیکیورٹی میں آج صبح سپردِ خاک کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ سینئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی کل رات 92 برس کی عمر میں نظر بندی کے دوران انتقال کر گئے۔