Sep ۱۱, ۲۰۲۱ ۱۰:۱۷ Asia/Tehran
  • پاکستان میں شدید بارشیں، متعدد جاں بحق و زخمی

پاکستان کے بعض علاقوں میں شدید بارشوں نے جہاں کئی افراد کی جان لے لی وہیں کئی مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

جنگ اخبار کے مطابق صوبہ پنچاب کے صدر مقام لاہور میں جمعہ کے روز شدید بارشوں کے نتیجے میں تین بچے جاں بحق اور تیس ​​سے ​​زائد افراد زخمی ہو گئے جبکہ کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ کاہنہ کے علاقے میں صبح دس بجے کے قریب ایک مکان کی چھت زمیں بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں تین بچے لقمہ اجل بن گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان میں سے ایک نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ دو شدید زخمی ہوئے جنہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

ریسکیو حکام کے مطابق چھتیں گرنے کے پانچ واقعات رپورٹ ہوئے جن میں مجموعی طور پر تین بچے جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوئے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے دارالحکومت میں بارشوں کے باعث سڑکوں کے باون حادثات پیش آئے جن میں کم از کم پچیس افراد کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب نے حکام کو علاقے سے جلد از جلد پانی نکالنے کی ہدایت کی عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

دوسری جانب اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد کئی علاقے زیر آب آ گئےاور سڑکیں تالاب اور جبکہ گلیاں ندیوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ اطلاعات کے مطابق بعض علاقوں میں کھڑی گاڑیاں بھی پانی میں ڈوب گئیں۔ اُدھر راولپنڈی میں بھی بادل کھل کر برسے، جس کے بعد بعض علاقوں میں پانی کی سطح پندرہ فٹ تک اونچی ہوگئی۔

ٹیگس