پاکستان میں نیب قانون پر اپوزیشن کی تنقید
پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے قومی احتساب بیورو نیب کے چیئرمین کی مدت تقرری میں توسیع پر اعتراض کا سلسلہ جاری ہے۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ قومی احتساب بیورو نے پاکستان کو، بقول ان کے تباہی کے علاوہ کچھ نہیں دیا ہے۔
انھوں نے نیب کے قانون کو کالے قانون سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے غریب عوام کی تباہی میں سب سے بڑی ذمہ داری اس قانون اور اس کے سربراہ پر عائد ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ نیب کے چیئر مین کی توسیع کا مقصد، بقول ان کے، عمران خان کی حکومت کی بد عنوانیوں کو چھپانا ہے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کے چیئرمین کی مدت تقرری میں توسیع کرکے عمران خان نے، بقول ان کے خود کو این آر او دیا ہے۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ عجیب بات یہ ہے کہ ٹیکس کی چوری پر نیب کوئی سوال نہیں کرتا۔ انھوں نے کہا کہ پنڈورا پیپرز اسکینڈل میں جن سات سو لوگوں کے نام آئے ہیں، ان سے سوال نہیں کیا جاسکتا۔