آئی ایم ایف کی شرائط پارلیمنٹ میں بیان کی جائیں: شہباز شریف
Oct ۲۵, ۲۰۲۱ ۲۰:۱۳ Asia/Tehran
پاکستان میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی شرائط پارلیمنٹ میں لانے کا مطالبہ کر دیا۔
مسلم لیگ نون کے صدر اور پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ قومی معیشت کے لئے تباہ کن اور قومی سلامتی کے لئے خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں اضافے سے ملک میں ہمیشہ مہنگائی بڑھی ہے- شہباز شریف نے آئی ایم ایف کی شرائط کو پارلیمنٹ میں لانے کا حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کو بتایا جائے کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ختم ہوا تو پھر طے کن شرائط پر پایا ہے۔
انہوں نےکہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط چھپانے کا مطلب یہ ہے کہ پردے کے پیچھے کچھ اور ہے- شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو تسلیم کرنے کا نتیجہ مہنگائی کی صورت میں ہی نکلتا ہے۔