شہباز شریف سے ہاتھ ملانے کا مطلب بدعنوانی تسلیم کر لینا ہے: عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے ہاتھ ملانے کا مطلب یہ ہوگا ہم نے بدعنوانی تسلیم کرلی ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق اکادمی ادبیات پاکستان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میری دونوں خاندانوں سے ذاتی دشمنی نہیں بلکہ دوستی ہوا کرتی تھی لیکن اگر قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ہاتھ ملایا تو اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ہم نے کرپشن اور بدعنوانی تسلیم کرلی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ لوگ مجھ سے کہتے ہیں کہ آپ اپوزیشن لیڈر سے ہاتھ نہیں ملاتے، جبکہ اپوزیشن لیڈر پر اربوں روپئے کے کیسز ہیں اور اگر میں ان سے ہاتھ ملاتا ہوں تو میں معاشرے کو یہ پیغام دوں گا کہ میں نے کرپشن تسلیم کرلیا ہے۔
پاکستانی وزیر اعظم نے ملک میں کرپشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی اسمبلیوں میں بھی بدعنوانی میں ملوث افراد بیٹھتے ہیں جبکہ بہت سے ملکوں میں ایسا ہرگز نہیں ہوسکتا -
انہوں نے دانشوروں اور مفکرین سے اپیل کی کہ وہ معاشرے خاص طور پر نوجوانوں کی رہنمائی کریں ۔