Dec ۰۸, ۲۰۲۱ ۱۷:۱۸ Asia/Tehran
  • پاکستان کی وفاقی کابینہ کا اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

پاکستان کی وفاقی کابینہ نے لاپتہ صحافی مدثر نارو کے خاندان سے ملاقات کے تعلق سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ مدثر نارو کی والدہ اور بیٹے سے ملاقات کرکے انہیں مطمئن کریں۔اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ نے اس معاملے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کی وفاقی کابینہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم اختیاراتی مثلث کے آئینی اصولوں کے خلاف ہے، ایسے معاملات دیکھنے کے لیے متعلقہ ادارے موجود ہیں۔کابینہ اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت لاپتہ افراد کے معاملے پر انتہائی سنجیدہ ہے اور عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرکے پھر صورتحال سے آگاہ کیا جائے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاپتہ صحافی مدثرنارو بازیابی کیس میں بہت سخت ریمارکس دیئے تھے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا تھا کہ ریاست اگر لوگوں کا اغوا کرکے لاپتہ کرتی ہے تو یہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے ۔

ٹیگس