پاکستان میں کورونا کی نئی لہر آگئی
پاکستان میں بھی کورونا کی نئی لہر میں تیزی آگئی ہے۔
پاکستان کے نیشنل کورونا کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے میں چار ہزار ستائیس نئے کورونا مریضوں کا اندراج ہوا اور نو کورونا کے مریض موت کی آغوش میں چلے گئے۔
پاکستان کے اسپتالوں، قرنطینہ کے مراکز اور گھروں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد بڑھ کے اکتیس ہزار پانچ سو اکیاون ہوگئی ہے جن میں سے سات سو باون کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کورونا سے متاثرین کی شرح بڑھ کے سات اعشاریہ آٹھ فیصد ہوگئی ہے۔ کورونا کی نئی لہر کا زور کراچی میں زیادہ ہے جہاں کورونا سے متاثرین کی شرح ایک ہفتے میں پندرہ فیصد سے بڑھ کے چالیس فیصد کے قریب پہنچ گئی ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق کراچی میں بخار اور گلے میں درد کی شکایات عام اور شہر کی چالیس فیصد آبادی کے بخار میں مبتلا ہونے کا تخمینہ لگایا جارہا ہے۔