Jan ۱۶, ۲۰۲۲ ۱۹:۵۱ Asia/Tehran
  • پاکستانی صدر نے ضمنی بجٹ پر دستخط کردیئے

پاکستان میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ضمنی مالیاتی بل دو ہزار اکیس پر دستخط کردیئے ہیں ۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے متنازعہ منی بجٹ، ضمنی مالیاتی بل دو ہزار اکیس پر دستخط کرکے اس کو قانون میں تبدیل کردیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اس بل کے ذریعے بین الاقوامی مالیاتی ادارے، آئی ایم ایف کی ایک اہم شرط پوری کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ متنازعہ ضمنی مالیاتی بل دو ہزار اکیس ان سولہ بلوں میں شامل ہے جنہیں عمران خان کی حکومت نے اپوزیشن اراکین کی مخالفت اور ہنگاموں کے دوران قومی اسمبلی سے پاس کروایا تھا۔
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے آئی ایم ایف کی شرط پوری کرنے والے متنازعہ ضمنی مالیاتی بل پر ایسی حالت میں دستخط کئے ہیں کہ دو روز قبل عمران خان نے ایک تقریب میں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط سے عوام پر دباؤ بڑھتا ہے۔
انھوں نے کہا تھا کہ ہم مجبوری کے عالم میں آئی ایم ایف سے قرض لیتے ہیں جس کے لئے اس کی شرائط ماننی پڑتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی شرائط ماننے کا بوجھ عوام پر پڑتا ہے۔

ٹیگس