کورونا کی نئی لہر آ رہی ہے، پاکستانی وزیر اعظم کا انتباہ
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں کورونا کی نئی لہر کے پیش نظر طبی ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت پرزور دیا ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کی نئی لہر آرہی ہے لہذا کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ عمران خان نے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ تیسری لہر آچکی ہے لیکن کار و بار بند نہیں کریں گے- وزیراعظم عمران خان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے ساڑھے پانچ ہزار سے زائد نئے معاملات سامنے آئے ہیں، جو گزشتہ سال اگست کے بعد ایک دن میں سامنے آنے والے مریضوں کی سب سے اونچی شرح ہے۔
پاکستان کی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ملک میں مہنگائی میں اضافے کو تسلیم کیا تاہم کہا کہ اسٹارٹ اپ سیکٹر میں پانچ سو ملین ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری آئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں مہنگائی میں اضافے کا اعتراف ایسے میں کیا ہے جب اپوزیشن کی جماعتیں ان کی حکومت کی غلط معاشی پالیسیوں کو ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کی اصل وجہ قرار دیتی ہیں۔