پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ
پاکستان میں کورونا کیسز کی شرح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بڑھ کر ساڑھے 11 فیصد ہو گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 6 ہزار 808 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 5 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 426 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 55 فیصد پر آ گئی۔
پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 42 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 13 لاکھ 45 ہزار 801 ہو چکی ہے۔
پاکستان میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 51 ہزار 94 زیرِ علاج مریضوں میں سے 918 کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ 12 لاکھ 65 ہزار 665 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 58 ہزار 943 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 2 کروڑ 43 لاکھ 56 ہزار 373 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
پاکستان کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 42 ویں نمبر پر ہے۔