لاہور دھماکے کے دہشت گرد کی تصویر جاری
لاہور کے علاقے انار کلی کے دہشت گردانہ دھماکے میں ملوث دہشت گرد کی تصویر منظر عام پر آگئی ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق جمعرات کو لاہور کے علاقے انارکلی میں ہونے والے دہشت گردانہ بم دھماکے میں ملوث دہشت گرد کی تصویر سامنے آگئی ہے جبکہ تحقیقاتی ٹیموں کو جائے واقعہ سے بال بیرنگ بھی مل گئے ہیں۔
جمعرات کو لاہور میں ہونے والے خوفناک دہشت گردانہ بم دھماکے میں تین افراد جاں بحق اور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے تھے - دھماکے سے شہر کی فضا جمعہ کو بھی سوگوار نظر آئی اور لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
اس درمیان وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چار شہروں سے متعلق دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دوبارہ دہشت گردی کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے لیکن ہم دشمن قوتوں کے عزائم کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
دوسری جانب انار کلی بم دھماکے کی مذمتی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ہے۔ قرارداد میں دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے۔