Jan ۲۲, ۲۰۲۲ ۲۲:۱۰ Asia/Tehran
  • پاکستان نے عالمی سطح پر اٹھایا کشمیر کا مسئلہ، ہنگامی بنیاد پر حل کرنے کا مطالبہ

پاکستان نے اقوام متحدہ سے کہا ہے کہ اپنی کوششوں کو تیز کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو ہنگامی بنیاد پر حل کیا جائے تاکہ خطے کو ہندوستانی ظلم و ستم بچایا جائے اور خطے اور عالمی امن اور استحکام کو لاحق خطرات بھی ختم ہوجائیں۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ پر جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر منیراکرم نے کہا کہ امن اور استحکام اقوام متحدہ کے بنیادی فرائض میں بدستور شامل رہنا چاہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل اور سیکریٹری جنرل پر زور دیتے ہیں کہ وہ مسئلہ کشمیر کا فوری اور پرامن حل نکالنے اور کشمیریوں کے خلاف ہندوستان کی دہشت گردی روکنے کے لیے اپنے اختیارات کا استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر سلامتی کونسل کچھ نہیں کر رہی ہے تو اقوام متحدہ اور سیکریٹری جنرل آرٹیکل 99 کی طرح اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت حاصل اختیارات کا مکمل استعمال کرتے ہوئے جنرل اسمبلی میں کارروائی کر کے امن اور سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے بہت کچھ کر سکتے ہیں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں بنیادی خطرہ جموں و کشمیر کے تنازعے سے لاحق ہے اور ہندوستان کی طرف سے مسلم اکثریتی جموں وکشمیر کو ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرنے کی کوشش سلامتی کونسل کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان قراردادوں میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

ٹیگس