Feb ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۹:۱۶ Asia/Tehran
  • پاکستان اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف متحد ہونے کو تیار

پاکستان میں حزب اختلاف کی دونوں بڑی جماعتیں ایک بار پھر وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے خلاف مشترکہ تحریک چلانے پر متفق ہوگئیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق یہ پیشرفت پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کے ساتھ لاھور میں ہونے والی ایک غیر معمولی ملاقات کے بعد سامنے آئی ہے۔

ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر میاں شہبار شریف کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتیں وزیراعظم عمران خان کی حکومت گرانے کے لیے تمام قانونی، آئینی اور سیاسی حربے استعمال کرنے پر متفق ہیں۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج بے روزگاری، غربت اور مہنگائی نے ہر جگہ ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور یہ میں نہیں بلکہ دنیا کے سروے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان اس وقت دنیا میں تیسرا سب سے مہنگا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے بطور سیاسی قیادت، اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا نہ کیا تو پھر ہمیں آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ہٹانے کے لیے ہم تمام اختلافات بھلانے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ، جتنی مضبوط ہوگی حکومت کے لیے خطرہ اتنا ہی بڑھے گا۔

فوری طور پر حکمران جماعت تحریک انصاف یا اس کی اتحادی جماعتوں کی جانب سے، شہباز ، زرداری ملاقات کے بارے میں کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم کچھ عرصہ پہلے وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر میں سڑکوں پر آگیا تو تمہارے لیے زیادہ خطرناک ثابت ہوجاؤں گا۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کریں 

ٹیگس