ہندوستان کی باپردہ طالبات کی حمایت میں پاکستانی خواتین کا مظاہرہ+ ویڈیو
پاکستان کی باپردہ خواتین نے پردے کی خاطر پڑھائی لکھائی اور امتحانات سے محروم ہو جانے والی ہندوستانی طالبات کی حمایت میں مظاہرہ کیا ہے۔
آئی آر آئی بی نیوز کے مطابق یہ مظاہرہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں ہوا جہاں باپردہ خواتین نے سڑکوں پر نکل کر ہندوستان کے بعض اسکولوں میں باحجاب طالبات کو امتحانات سے محروم کر دئے جانے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ مظاہرہ کرنے والی خواتین ہاتھوں میں ایسے پلے کارڈ اور بینر اٹھائے ہوئے تھیں جن پر حکومتِ ہند کے خلاف اور مسلم طالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔
حالیہ دنوں میں ہندوستان اور پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی ہندوستان میں پردے کی خاطر طالبات کو امتحانات مین شرکت سے محروم کئے جانے کے خلاف سخت احتجاج کیا گیا ہے۔ اب تک لاکھوں لوگ سڑکوں پر نکل کر ہندوستان کی موجودہ بی جے پی حکومت کی فرقہ وارانہ پالیسیوں کے خلاف مظاہرہ کر چکے ہیں۔
ہندوستان کے بعض سرکاری تعلیمی مراکز اور اسکولوں میں ایسے حالات میں طالبات کو انکے پردے کی بنا پر انکے بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے کہ ہندوستان کے آئین میں تمام ادیان کے پیروکاروں کو اپنے مذہبی مناسک و اعمال کی انجام دہی اور دینی ہدایات پر عمل کرنے میں مکمل آزادی دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتوں کے دوران ہندوستان کی ریاست کرناٹک کے ایک سرکاری اسکول میں طالبات کو صرف اس لئے کلاس میں داخل ہونے اور امتحانات میں شرکت سے روک دیا گیا کہ وہ اپنے دینی و مذہبی تقاضے کی بنیاد پر پردہ کئے ہوئے تھیں۔
ہندوستان میں سیاسی و سماجی حلقے اور آزاد میڈیا نے اس واقعے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنے بیانات، اقدامات اور خاموشی سے ملک میں فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کو ہوا دے رہی ہے۔