Feb ۱۷, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۰ Asia/Tehran
  • عمران خان حکومت پر اپوزیشن رہنماؤں کے الزامات کی بوچھار

پاکستان میں حزب اختلاف کی دو بڑی جماعتوں نے عمران خان کی حکومت کو آمرانہ اور جمہوریت مخالف قرار دیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت نے مشرف دور کی یاد تازہ کردی ہے۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان کو تنقید برداشت نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان بادشاہ نہیں ہیں اور نہ ہی پاکستان کے عوام ان کی رعایا ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اگر تنقید برداشت نہیں کرسکتے تو سیاست چھوڑ دیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان کی حکومت میں پاکستان، صحافیوں کے اعتبار سے دنیا کا خطرناک ترین ملک بن چکا ہے۔

مریم نواز نے پیٹرول کی قیمت میں یکبارگی بارہ روپے فی لیٹر کا اضافہ شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی، لاقانونیت اور دہشت گردی بڑھ رہی ہے۔

دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور ہائی کورٹ بار سے خطاب میں عمران خان کی حکومت پر ملک کو جمہوریت سے دور کرنے اور آمریت کی طرف لے جانے کا الزام لگایا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ اپنے بد ترین دور سے گزر رہی ہے اور ملک معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور انسانی حقوق پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ انھوں نے عمران خان کی حکومت پر قانون کی بالادستی ختم کرنے کا بھی الزام لگایا۔

 

ٹیگس