پاکستان، فوج کا کامیاب آپریش، 5 دہشت گرد ہلاک، 1 سپاہی جاں بحق
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے ضم شدہ ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں کم از کم پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے ایک سپاہی جاں بحق ہو گیا۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 20 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے جن میں سے چار کی شناخت ہو گئی ہے جبکہ ایک پانچویں دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جس میں سب مشین گنز، دستی بم اور کثیر تعداد میں کیلیبر راؤنڈز شامل ہیں۔
اس سلسلے میں مزید کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورس کے خلاف دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔
بیان میں بتایا گیا ہے دہشت گردوں کی شدید گولہ باری کے سبب ایک سپاہی زخمی ہوگيا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگيا۔
اس سے قبل 14 فروری کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورس نے چیک پوسٹ پر ایک دہشت گرد کے خودکش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کردیا تھا۔