Feb ۲۶, ۲۰۲۲ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • پاکستان نے امریکی دباو کو مسترد کردیا: شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکی دباوٴ قبول نہیں کیا۔

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر ولادیمیر پوتین سے ملاقات ہوئی، جو ساڑھے 3 گھنٹے تک جاری رہی۔ 

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ روس کے دورے سے قبل امریکہ کی جانب سے ایک اعلی سطح کا رابطہ کیا گیا تھا اور پاکستان سے امریکہ نے معصومانہ سوال کیا تو ہم نے موٴدبانہ جواب دیا تاہم پاکستان کا مؤقف جوں کا توں رہا اور کوئی دباوٴ قبول نہیں کیا، پاکستان نے واضع کیا ہے کہ کسی کیمپ سیاست کا حصہ نہیں بننا، پاکستان اپنی پالیسیز کے مطابق غیر جانبدار ہے، ہم نے جانبدار پالیسی کی بہت بڑی قیمت چکائی ہے، اب وہ پالیسیز اور نہیں چل سکتیں۔

پاکستان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ ہمارے تعلقات کا گراف مسلسل اوپر جا رہا ہے، ہمارا دورہ دوطرفہ تعلقات کے تناظر میں تھا، ہمارے سفارتی تعلقات یوکرائن اور روس دونوں کے ساتھ ہیں، ہمارے روس کے ساتھ کثیر الجہتی بالخصوص دفاعی تعلقات ہیں، پچھلے کچھ برسوں میں روس کے ساتھ دوطرفہ دفاعی تعلقات بہت مضبوط ہوئے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روس کے ساتھ افغانستان کے حوالے سے سوچ میں تبدیلی آئی ہے، افغانستان کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی، ملاقاتوں میں مارچ کے آخر میں چین میں پاک روس ملاقاتوں پر اتفاق کیا گیا، مستقبل قریب میں پاک روس مشترکہ مقاصد کو عالمی فورمز پر اجاگر کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ عمران خان وہ پاکستانی وزیر اعظم ہیں جنہوں نے 23 سال بعد روس کا دورہ کیا جس سے امریکی حلقوں میں کھلبلی مچ گئی اور امریکہ نے اپنے مفادات کیلئے پاکستان پر دباو ڈالنا شروع کیا جسے اب تک پاکستان نے قبول نہیں کیا اور امریکہ کا روس کے ساتھ تعلقات برقرار نہ کرنے کیلئے پاکستان پر دباو کارگر ثابت نہ ہو سکا۔

ٹیگس