Mar ۰۱, ۲۰۲۲ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
  • واٹر ڈپلومیسی، پاکستان اور ہندوستان کے درمیان آبی تنازعات پر بات چیت کا آغاز

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان آبی تنازعات پر دو طرفہ بات چیت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جسے سیاسی مبصرین واٹر ڈپلومیسی کا نام دے رہے ہیں۔

ہمارے نمائندے کے مطابق ہندوستان اور پاکستان کے درمیان انڈس واٹر کمشنروں کی سطح پر ہونے والے مذاکرات، تین مارچ تک جاری رہیں گے۔

مذاکرات میں دونوں ملکوں کے ماہرین سندھ طاس معاہدے کے تناظر میں آبی معاملات اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں ایک دوسرے کے اعتراضات کا جائزہ لیں گے۔ بات چیت میں حصہ لینے کے لیے ہندوستانی ماہرین کا ایک دس رکنی وفد پیر کے روز زمینی راستے سے پاکستان پہنچا تھا۔
یہ مذاکرات ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب جنوبی ایشیا کے ان دو  دیرینہ روایتی حریفوں کے درمیان تعلقات میں شدید کمی کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے اور تین سال قبل جنگ کے دھانے پر پہنچ گئے تھے۔

سیاسی مبصرین ہندوستان کے آبی ماہرین کے دورہ پاکستان اور پانی کے معاملے پر بات چیت کو برصغیر کے ان دو ہمسایہ ملکوں کے تعلقات پر جمی برف پگھلنے کی علامت قرار دے رہے ہیں۔

ٹیگس