ہندوستان: اندور میں آلودہ پانی پینے سے 8 افراد کی موت
ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں آلودہ پانی پینے سے 8 افراد کی موت ہو گئی ہے اور 100 سے زیادہ افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ملک کے سب سے صاف ستھرے شہر اندور میں آلودہ پانی پینے کے بعد 100 سے زیادہ افراد کو الٹی اور اسہال کی شکایت کے بعد شہر کے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا جہاں کم سے کم 8 افراد کی موت ہوگئی۔
مدھیہ پردیش کی ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں تین اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی ہے اور واقعے کی تفصیلی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اندور شہر کے بھاگیرتھ پورہ علاقے میں یہ مسئلہ اس وقت سامنے آیا جب لوگوں نے 25 دسمبر کو میونسپل کے پانی میں عجیب ذائقے اور بدبو کی شکایت کی۔
اندور کے چیف میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر (سی ایم ایچ او) ڈاکٹر مادھو پرساد نے بتایا کہ شہر کے بھاگیرتھ پورہ علاقے میں الٹی اور اسہال کی اطلاع ملنے پر محکمہ صحت نے 2,703 گھروں کا سروے کیا، تقریباً 12,000 افراد کا معائنہ کیا اور غیر سنگین علامات والے 1,146 مریضوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نسبتاً تشویشناک حالت میں 111 مریضوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا جن میں سے 18 کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا۔
حکام نے بدھ کو تصدیق کی کہ درجنوں افراد کو شدید بیماری کے ساتھ ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا اور آٹھ افراد علاج کے دوران دم توڑ گئے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریاست کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے اندور میونسپل کارپوریشن کے دو افسران زونل آفیسر اور اسسٹنٹ انجینئر کو معطل کرنے کا حکم دیا جبکہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر کو فوری طور پر ملازمت سے ہٹا دیا گیا۔
اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا اور ان لوگوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی جو زیر علاج ہیں۔