پاکستان میں تحریک عدم اعتماد کی تیاری
پاکستان میں اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کا مسودہ تیار کرلیا ہے جس پر اسّی سے زائد اراکین کے دستخط موجود ہیں
پاکستانی میڈیا نے اپنے ذرائع کے حوالے سے خبردی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا مسودہ تیار کرلیا ہے جسے جمع کرانے کے لئے قیادت کی ہدایات کا انتظار کیاجارہا ہے - تحریک عدم اعتماد کے مسودے پر پیپلزپارٹی ، مسلم لیگ ن ، جے یو آئی ، اے این پی ، اور دیگر جماعتوں کے اراکین کے دستخط ہیں ۔
خبروں کے مطابق تحریک عدم اعتماد کے مسودے کی تیاری کی ذمہ داری مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سونپی گئی تھی - یہ بھی کہا جارہا ہے کہ مسلم لیگ نون کے قائد نواز شریف نے بھی پارلیمنٹ میں تحریک عدم اعتماد لانے کے لئے گرین سگنل دے دیا ہے - تحریک عدم اعتماد کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ ملک اقتصادی زبوں حالی کا شکار اور سیاسی عدم استحکام سے دوچار ہے جبکہ خارجہ پالیسی بھی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔
دوسری جانب پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت کو ہٹانے کے لئے عدم اعتماد کی تحریک ہی جمہوری طریقہ ہے - انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے عہدے کے لئے شہباز شریف کو ووٹ دینا پیپلزپارٹی کے لئے سخت کام ہے لیکن ملکی مفاد میں مختصر مدت کے لئے ہم یہ قربانی دینے کو تیار ہیں۔