عمران خان کا اپوزیشن پر ارکان اسمبلی کی خرید و فروخت کا الزام
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر کہا ہے کہ حزب اختلاف والے تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے کے لیے ان کی جماعت کے ارکان کو خرید رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹ میں کہا کہ میں میچ فکسنگ کے خلاف جنگ میں مصروف ہوں اور بقول ان کے میرے کھلاڑیوں کو بڑی رقوم کی لالچ دی جارہی ہے۔ پچھلے چندروز کے دوران یہ دوسری بار ہے کہ جب عمران خان نے حزب اختلاف کی جماعتوں پر ہارس ٹریڈنگ اور حکمراں جماعت کے ارکان پارلیمنٹ کی وفاداریاں خریدنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بدھ کے روز سوات میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ سندھ ہاؤس اسلام آباد میں لوگوں کا ضمیر خریدنے کے لیے سندھ کے عوام کا پیسہ بوریوں میں لے کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کے اعلان کے بعد سے حزب اختلاف کے رہنماؤں کے خلاف پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا لب ولہجہ غیر معمولی حد تک سخت ہوگیا ہے۔
درایں اثنا اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کے خلاف حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتماد پر بحث کے لیے پارلیمنٹ کا اجلاس اکیس مارچ کو طلب کیا جا سکتا ہے۔