منحرف ارکان کو اظہار وجوہ کے نوٹس
پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت والی حکمران جماعت تحریک انصاف نے حزب اختلاف سے جا ملنے والے اپنے ارکان اسمبلی کو اظہار وجوہ کا پروانہ جاری کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق، تحریک انصاف کے دفتر سے جاری ہونے والے اظہار وجوہ کے پروانوں میں متعلقہ ارکان قومی اسمبلی کو وزیراعظم عمران خان کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔ منحرف ارکان کے نام جاری ہونے والے اظہار وجوہ کے پروانوں میں کہا گیا ہے کہ ٹیلی ویژن پر دیئے گئے بیانات سے واضح ہوگیا ہے کہ آپ تمام حضرات پارٹی چھوڑ کر وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والی حزب اختلاف کو جا ملے ہیں۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر حملہ کردیا تھا جہاں پی ٹی آئی کے منحرف ارکان قومی اسمبلی ٹھہرئے ہوئے تھے۔ اظہار وجوہ کا یہ نوٹس ایک وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستانی اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی ہے جس پر آئندہ چند روز میں قومی اسمبلی کا اجلاس بلائے جانے کی توقع ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے لیے ایک سو بہتر ووٹ کی ضرورت ہے۔ حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتیں اپنے ووٹ پورے ہونے کے دعوے کرتی رہیں تاہم گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے متعدد ارکان کے سندھ ہاؤس چلے جانے کے بعد، سیاسی صورتحال ڈرامائی حدتک تبدیل ہوگئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان کی سپریم کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر سیاسی جماعتوں کے درمیان ممکنہ تصادم کو روکنے کے لیے بار کونسل کی درخواست پر تمام پارلیمانی جماعتوں کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔