Mar ۲۰, ۲۰۲۲ ۲۱:۲۷ Asia/Tehran
  • عمران خان کا منحرف ارکان قومی اسمبلی کے لئے معافی کا اعلان

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے اپنی پارٹی کے منحرف ارکان اسمبلی کے لیے معافی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ضمیر کا سودا کرکے اپنی حکومت بچانے کے بجائے حکومت چھوڑنے کو ترجیح دیں گے۔

مالاکنڈ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر الزام لگایا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں ان کی حکومت کو گرانے کے لیے ارکان اسمبلی کی وفاداریاں خرید رہی ہیں۔عمران خان نے ایک بار پھر بعض اپوزیشن رہنماؤں کے نام لے کر کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے مقابلے میں ہماری کامیابی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ" ایک طرف ملک کے بڑے نامور ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں، جو ہمارے ایم این ایز کو خریدنے کی کوشش کر رہے ہیں"۔

عمران خان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن، عدالت اور عوام کے ساتھ ضمیر کا سودا کیا جا رہا ہے، وقت آگیا ہے کہ عوام فیصلہ کریں کہ وہ کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیت المال کا پیسہ خرچ کرکے حکومت بچانے سے بہتر ہے کہ حکومت چلی جائے۔

عمران خان نے اپنی پارٹی کے منحرف ارکان سے واپس آنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میں ضمیر کا سودا کرکے حکومت بچانے پر لعنت بھیجتا ہوں۔

ٹیگس