تحریک عدم اعتماد پر اتحادیوں سے رابطے تیز
پاکستان کی حکمراں جماعت پی ٹی آئی نے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتماد کو ناکام بنانے کے لیے اتحادی جماعتوں کے ساتھ رابطے ایک بار پھر تیز کردیئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وزیر دفاع پرویز خٹک نے چودھری برادران کے نام سے مشہور، مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں سے ملاقات اور انہیں وزیر اعظم عمران خان کا پیغام پہنچایا ہے۔
کہا جارہا ہے کہ اس ملاقات میں چودھری شجاعت حسین شریک نہیں تھے تاہم آزاد ذرائع سے اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی نے ایک اور اتحادی جماعت ایم کیو ایم کی قیادت سے بھی رابطہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتماد اٹھائیس مارچ کو قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں باضابطہ طور پر پیش کیے جانے کی توقع ہے۔
ادھر پاکستان کے وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر تین یا چار اپریل کو رائے شماری کرائے جانے کا امکان ہے۔