Apr ۰۴, ۲۰۲۲ ۲۲:۳۵ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم ریڈ زون کے باہر پر امن احتجاج کریں گے

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم بیرون ملک ایجنڈے پر حکومت کو گرانے کی کوشش اور ملک میں ہونے والی غداری کے خلاف آج اسلام آباد ریڈ زون کے باہر پرامن احتجاج کریں گے۔

عوام کے سوالات کا براہِ راست جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ آج کل جو پاکستان کی صورتحال بنی ہوئی ہے اس سلسلے میں سوچا ہے کہ میں آپ کے سامنے آکر آپ کے سوالات کا جواب دوں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اور میری ٹیم نے اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے الیکشن کروانے کا فیصلہ کیا ہے، یہ اس لیے کیا گیا کہ ساڑھے تین سال سے اپوزیشن کہہ رہی تھی حکومت نااہل ہے، یہ عوام میں جائیں گے تو عوام انہیں انڈے ماریں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے تو انتخابات کا اعلان کردیا ہے، تو اب یہ سپریم کورٹ کیوں جارہے ہیں، یہی آپ کہتے تھے کہ یہ حکومت نااہل اور سلیکٹڈ ہے، اب ہم نے الیکشن کا اعلان کردیا ہے تو آپ سپریم کورٹ میں کیا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ حکومت بحال ہو، عوام کے فیصلے سے واپس آنا بہتر ہے یا ایک باہر کی سازش کا حصہ بن کر، پارلیمنٹیرینز کے ضمیر خرید کر حکومت بنانا بہتر ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں یہ ایسا کیوں چاہتے ہیں، ان کی سب سے بڑی کوشش این آر او لینا ہے کیونکہ ان پر کرپشن کیسز ہیں اور یہ ضمانت پر ہیں اور باہر بھاگے ہوئے ہیں، ان کی ساری کوشش یہ ہے کہ اقتدار میں آئیں گے اپنے اوپر کیسز ختم کریں گے اور ’این آر او ٹو‘ لیں گے۔

ان کہنا تھا کہ پہلا این آر او پرویز مشرف نے دیا تھا ان کے سارے کرپشن کیسز تب معاف ہوگئے تھے اور اب 10 برسوں میں نئے کیسز بنے ہیں، حیرت کی بات یہ ہے کہ 90 فیصد سے زائد کیسز ان کے دور کے بنے ہوئے ہیں اور اب یہ چاہتے ہیں کہ نیب کو مکمل طور پر ختم کیا جائے، ان کے کیسز معاف کیے جائیں اور یہ پھر سے ملک کا پیسہ باہر بھجوانا شروع کریں۔

مینڈیٹ چوری ہونے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم کا کہنا تھا پہلے ہمیں تجربہ نہیں تھا اب ہم انہیں جانتے ہیں، ہمیں اس الیکشن میں بہت بڑا تجربہ ملا ہے، ہم بہت سوچ سمجھ کر ٹکٹ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے حالات میں عوام کو احتجاج کرنا چاہیے، میں اعلان کرتا ہوں کہ میں بھی اس احتجاج میں شامل ہوں گا، ہم اسلام آباد میں ریڈ زون کے باہر آج عشا کے بعد پُرامن احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں ہونے والی غداری کے خلاف احتجاج کریں گے، یہ باہر کےایجنڈے پر حکومت کو گرانے کی کوشش کی گئی ہے۔

ٹیگس