Apr ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۳ Asia/Tehran
  • پنجاب میں سیاسی بحران برقرار، صوبائی اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک موخر

پنجاب میں سیاسی بحران برقرار ہے اور صوبائی اسمبلی کا اجلاس 16 اپریل تک موخر کردیا گیا ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کی اسمبلی کا اجلاس کل 6 اپریل کو ہونا تھا لیکن اب 16 اپریل کو دوپہر ساڑھے 11 بجے ہوگا۔ ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس موخر کرنے کی منظوری دیتے ہوئے 16 اپریل کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔

گزشتہ اجلاس میں ہونے والی توڑپھوڑ کو اس فیصلے کی وجہ بتایا گیا ہے۔ اسمبلی ذرائع کے مطابق ایوان اور لابی میں ٹوٹ پھوٹ کی مرمت کے لیے اجلاس تاخیر کا شکار ہوا۔ نقصان پہنچنے والی اشیا کی مرمت کے لیے وقت درکار ہے جس کے لیے اجلاس کی تاریخ میں توسیع کی گئی۔

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، شاہ محمود قریشی، اسد عمر، شیخ رشید، پرویز خٹک، شفقت محمود، فواد چوہدری، حماد اظہر آج ہی اسلام آباد سے لاہور پہنچے ہیں۔

واضح رہے کہ اپوزیشن نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی جس پر وہ مستعفی ہوگئے تھے اور اتوار3 اپریل کو صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہونا تھا جس میں حمزہ شہباز اور پرویز الہی وزارت اعلیٰ کے عہدے کے لیے مد مقابل ہیں، لیکن اس روز حکومت نے صوبائی اسمبلی کا اجلاس ملتوی کردیا تھا اور قومی اسمبلی تحلیل کردی گئی تھی۔

ٹیگس