Apr ۰۸, ۲۰۲۲ ۰۰:۱۷ Asia/Tehran
  • پاکستان کے وزیر اعظم کے گھر اہم اجلاس، قوم سے کل کریں گے اہم خطاب

پاکستان کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے کل وفاقی کابینہ اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔

عدالتی فیصلے کے بعد ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں کل شام قوم سے خطاب کروں گا۔

اپنے بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ قوم کے لیے میرا پیغام ہے کہ میں ہمیشہ پاکستان کے لیے لڑا ہوں اور آخری لمحے، آخری گیند تک مقابلہ کرتا رہوں گا۔

پی ٹی آئی کے ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق اجلاس وزیراعظم کی رہائش گاہ بنی گالہ میں ہوا جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے اور مستقبل کی صورت حال پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ کی حکمتِ عملی کے حوالے سے لائحہ عمل بھی مرتب کیا گیا۔ اس اہم میٹنگ میں پی ٹی آئی کی سینئر قیادت اور قانونی ماہرین بھی شریک ہوئے۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق حکومت موجودہ صورت حال میں مختلف آپشنز پر غور کررہی ہے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان کی قانونی ٹیم سے ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے سپریم کورٹ کے کسی بھی فیصلے کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم نے قانونی ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا پی ٹی آئی نئے انتخابات کے لئے تیار ہے، ہم غیر ملکی سازش کو کسی طور پر کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

اس سے قبل اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کل کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی کابینہ اور پارلیمانی پارٹی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جبکہ سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کے خلاف لائی گئی تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے کی رولنگ اور صدر مملکت کے اسمبلی تحلیل کرنے کے فیصلے کو غیر آئینی قرار دیا تھا۔

 

 

ٹیگس