Apr ۱۷, ۲۰۲۲ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • سولہ اپریل سنہ 2022 کو کراچی میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان
    سولہ اپریل سنہ 2022 کو کراچی میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان

کراچی کے باغ جناح میں سنیچر کی رات تحریک انصاف پارٹی کا جلسہ منعقد ہوا جسے پارٹی کے چیئر مین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دوستی سب کے ساتھ چاہتا ہوں لیکن غلامی کسی کی قبول نہیں کر سکتا

عمران خان نے پارٹی سے انحراف کرنے والے اراکین کو ضمیر فروش قرار دیتے ہوئے کارکنوں کو ہدایت کی کہ ان ضمیرفروشوں کو کبھی معاف نہیں کرنا اور سبق سکھانا ہے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج میں آپ کے سامنے خاص بات چیت کرنے آیا ہوں کیونکہ مسئلہ آپ کے مستقبل کا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں، نہ میں بھارت مخالف، نہ یورپین مخالف اور نہ ہی امریکا مخالف ہوں بلکہ پوری دنیا میں انسانیت کے ساتھ ہوں اور کسی قوم کے خلاف نہیں ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ امریکا میں ہماری سب سے مضبوط اور طاقت ور کمیونٹی ہے، وہ بھی پاکستان کو پیسے بھیجتے ہیں، جس پر ہمارا ملک چلتا ہے، میں دوستی سب سے چاہتا ہوں لیکن غلامی کسی کی نہیں کر سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے کہا کہ بیرونی اور اندرونی سازش ہے، آپ کی جان کے خلاف مافیا بیٹھے ہوئے ہیں اور جان جاسکتی ہے لیکن میری جان ضروری نہیں بلکہ آپ کا مسقبل ضروری ہے، ایک میر جعفر کو ہمارے اوپر مسلط کردیا گیا ہے۔ ان کا اشارہ ہندوستان میں مغلیہ سلطنت میں صوبے بنگال کے حاکم سراج الدولہ کے اس جنرل کی طرف تھا جسکی غداری سے بنگال مسلمالوں کے ہاتھ سے چلا گیا اوراس پر انگریزوں کی حکومت قائم ہو ئی تھی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ سازش کے تحت یہاں ہمارے اوپر بھی میر جعفر مسلط کیا گیا ہے۔ سازش پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج سے تین، چار ماہ پہلے امریکی سفارت خانے میں ملاقاتیں شروع ہوئیں اور پھر کئی صحافی جو خاص طور پر سازش میں ملوث تھے ان کی بھی امریکی سفارت خانے میں ملاقاتیں شروع ہوئیں۔

ٹیگس