پاکستان کے وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب اور امارات
پاکستان کے وزیراعظم سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کرنے کے بعد واپس اسلام آباد پہنچ گئے۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف منصب سنبھالنے کے بعد پہلا غیر ملکی دورہ کر کے اسلام آباد پہنچ گئے، سعودی عرب سے واپسی پر شہباز شریف نے یو اے ای کی مسلح افواج کے سربراہ اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے بھی ملاقات کی جس میں مشترکہ مفادات کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔
اس سے قبل سعودی عرب کے دورے کے دوران سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں موجود 3 ارب ڈالر کی واپسی کی مدت میں توسیع کر دی ہے۔ اس بات کا اعلان وزیرِاعظم میاں محمد شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب کے دوران جاری ہوئے مشترکہ اعلامیے میں کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں نے نجی شعبے، انڈسٹریز اور کان کنی کے شعبے میں تعاون پر بھی اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس دورے میں پاکستان کے وزیراعظم کے ساتھ بلاول بھٹو، خواجہ آصف، مفتاح اسماعیل، مریم اورنگزیب، شاہ زین بگٹی، خالدمقبول صدیقی اور محسن داوڑ بھی تھے۔