پاکستان کے وزیر اعظم کا ملک میں شدید ترین معاشی خطرات پر انتباہ
May ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۶:۱۱ Asia/Tehran
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں شدید ترین معاشی خطرات کی بابت خبردار کیا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے نماز عید الفطرکے بعد جاتی امرا میں کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ ملک شدید ترین معاشی خطرات میں گھرا ہواہے۔ انھوں نے کہا کہ انہیں مشکلات کا اندازہ ہے، مشکلات پر قابو پانا حکومت اور اس کے حصہ داروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ عید ترقی و خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکلات پر قابو پانے کیلئے ہمیں اللّٰہ کی رضا کے ساتھ سخت محنت کرنی ہو گی۔
پاکستان کے وزیر اعظم نے عید الفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قوم کے یک قالب ہونے اور مل کے مسکرانے کا دن ہے ۔ انھوں نے عیدالفطر کو اتحاد و یگانگت کا خاص موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ گلہ کرنے کا نہیں بلکہ گلے ملنے کا دن ہے ۔