پاکستان؛ اسلام آباد سمیت بہت سے علاقوں میں آٹے کا بحران
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت بہت سے علاقوں میں آٹے کے بحران کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختون خوا میں آٹے کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں آٹے کا بیس کلو کا تھیلا گیارہ سو روپے سے بڑھ کے تیرہ سو روپے اور پشاور میں چودہ سو روپے ہو گیا۔ اسلام آباد میں بھی آٹے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ صوبہ بلوچستان میں آٹا مہنگا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
پاکستان کے بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ آٹے کا بحران شہباز شریف کی حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔ آٹا ڈیلر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ آٹے کا پرانا اسٹاک ختم ہو گیا ہے اور کچھ ہی دنوں میں آٹے کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ پاکستان کی وفاقی حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹوروں پر انیس میں سے چودہ چیزوں کی سبسیڈی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن پانچ چیزوں پر پاکستان کی وفاقی حکومت نے سبسیڈی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، ان میں چینی، آٹا، گھی اور چاول شامل ہیں۔