فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے، آئی ایس پی آر کی اپیل
پاکستانی فوج نے اپیل کی ہے کہ اس کو سیاسی معاملات میں نہ گھسیٹا جائے ۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے ایک بیان جاری کرکے کہا ہے کہ فوج کو سیاسی معاملات میں گھسیٹنے کی دانستہ کوششیں کی گئی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ کچھ سیاسی شخصیات، چند صحافی اور تجزیہ نگار، سوشل میڈیا اور دوسرے فورمز پر ملک کی مسلح افواج کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حقیقت کے برخلاف ہتک آمیز اور اشتعال انگیز بیانات نہایت نقصان دہ ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک کا بہترین مفاد اس میں ہے کہ فوج کو سیاسی معاملات سے دور رکھا جائے۔
دوسری طرف سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں ان کی ریلی میں بیس لاکھ لوگ پہنچیں گے۔
عمران خان نے اتوار کو ایبٹ آباد میں عوامی جلسے سے خطاب میں کہا کہ ان کی اسلام آباد ریلی میں ایک ہی آواز ہوگی کہ ہمیں حقیقی آزادی چاہئے۔ انہوں نے جلسے میں شریک لوگوں کو مخاطب کرکے کہا کہ حکام آپ کے جنون سے خوفزدہ ہیں۔
عمران خان نے پاکستان کے عدالتی نظام پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ جب عدالتی نظام بڑے چوروں کو پکڑ نہ سکے تو قوم تباہ ہو جاتی ہے۔