پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیوں ہوا، پاکستانی وزیر خزانہ نے بتا دیا
پاکستان کے وزیر خزانہ نے پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمت میں اضافے کو معیشت کو بچانے کے لئے ناگزیر قرار دیا ہے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے روپے کی قدر اور اسٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اگر پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھائی جاتیں تو ملک کی معیشت پر مزید دباؤ آتا۔
پاکستان کے وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم مکمل مداوا نہیں کرسکتے لیکن زخموں پر مرہم رکھ سکتے ہیں ۔انھوں نے اسی کے ساتھ انتہائی غریب لوگوں کو دو ہزار روپے فی کس وظیفہ دینے کا اعلان کیا ۔ انھوں نے کہا کہ آٹھ کروڑ چالیس لاکھ لوگوں کو وظیفہ دیا جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈ کے ذریعے تصدیق کے بعد انتہائی غریب لوگوں کو ماہ جون سے دو ہزار روپے ماہانہ دیئے جائیں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کی شام قوم سے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ غریب لوگوں کو مہنگائی سے بچانے کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ہر ماہ مزید دو ہزار روپے دیئے جائیں گے ۔ انھوں نے کہا تھا کہ اس کے لئے اٹھائیس ارب روپے کی رقم مختص کی جارہی ہے۔