لانگ مارچ کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی کی سپریم کورٹ سے استدعا
پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعت تحریک انصاف نے دارالحکومت اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان:پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے علی ظفر ایڈووکیٹ کی وساطت سے جمع کرائی جانے والی درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کو حکم دے کہ وہ تحریک انصاف کو احتجاج کی اجازت دیں۔
درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ احتجاج کے دوران کسی کارکن کو گرفتار نہ کیا جائے، احتجاج کے راستے میں رکاوٹیں حائل نہ کی جائیں، وفاقی اور پنجاب حکومت کو تشدد اور طاقت کے استعمال سے روکا جائے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف مقدمات آزادی اظہار رائے پر قدغن کے مترادف ہیں۔
واضح رہے پاکستان کی تحریک انصاف پارٹی کے سربراہ عمران خان نے ماضی بھی لانگ مارچ کیا تھا جیسے حکومت نے ناکام بنادیا تھا۔
عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت پر لانگ مارچ کو سبوتاژ کرنے کے لیے انتظامیہ کو استعمال کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اس معاملے میں عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا تھا۔