کیا پاکستان میں آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے؟
پاکستانی وزیر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی افواہ مسترد کر دیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان : پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے آج پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہو رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی سمری تیار کی گئی ہے نہ ہی قیمتیں بڑھانے کا ارادہ ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے آج ہونے والے پری بجٹ سیمینار میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے بات نہیں کی۔
ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ جو چینل اس طرح کے ٹکرز چلا رہے ہیں وہ ناظرین کی کوئی خدمت نہیں کر رہے۔
خیال رہے کہ پری بجٹ سیمینار سے وزیر خزانہ کے خطاب کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرول پمپس پر گاڑیوں اور بائیکس میں پیٹرول بھروانے کے لیے شہریوں کی طویل قطاریں لگنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔
حکومت نے 26 مئی کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے کا اضافہ کیا تھا جس سے پیٹرول کی قیمت بڑھ کر پیٹرول 179 روپے 86 پیسے جبکہ ڈیزل کی ڈیزل 174 روپے 15 پیسے ہوگئی تھی۔
اس اضافے کے محض ایک ہفتے بعد 2 جون کو ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 30 روپے فی لیٹر اضافہ کردیا گیا تھا جس کے بعد سے پیٹرول 209 روپے 86 پیسے جبکہ ڈیزل 204 روپے 15 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گیا تھا۔