پاکستان اور افغانستان بارٹرٹریڈ پر متفق
پاکستان اور افغانستان کے درمیان سامان کے بدلے سامان کی تجارت جلد شروع ہوگی۔
افغانستان کے ایوان تجارت و سرمایہ کاری کے نائب صدر خان جان الکوزی نے کہا ہے کہ کابل اور اسلام آباد کے درمیان سامان کے بدلے سامان کی تجارت کے اسّی فیصد معاملات پراتفاق ہوگیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان بارٹر ٹریڈ سسٹم پر جلد عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔ سامان کے بدلے سامان کی تجارت کے بارے میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان چار بار مذاکرات ہوچکے ہیں اور پہلے مرحلے میں بیس اشیا کی تجارت پر اتفاق کیا گیا ہے۔ طالبان عہدیدار کا کہنا ہے کہ ملکی بینکوں سے زرمبادلہ کی منتقلی میں حائل رکاوٹوں کی وجہ سے دونوں ملکوں نے سامان کے بدلے سامان کی تجارت شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعداو شمار کے مطابق افغانستان اور پاکستان کے درمیان تجارتی لین دین پوری طرح سے متوازن ہے۔ طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان بینکاری لین دین بری طرح متاثر ہوا تھا اور اب تک معمول پر نہیں آسکا ہے۔