پیٹرول کی قیمت بڑھا کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا : پاکستان کے وزیرخزانہ
پاکستان کے وزیرخزانہ نے دعوی کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمت بڑھاکر ملک کودیوالیہ ہونے سے بچا لیا گیا ہے۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے دیگر وزرا کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کے لئے آسان نہیں تھا لیکن اس فیصلے کے ذریعے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بـچالیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کےلئے مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے ملک کے غریب طبقے پر ٹیکس کا بوجھ نہیں ڈالا لیکن امیروں پر ٹیکس بڑھایا جائے گا۔
پاکستان کے وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹے کی کمپنی پر بھی ٹیکس بڑھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خود ان کی کمپنی پر بیس سے پچیس کروڑ روپے کا ٹیکس بڑھایا جارہا ہے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ نے کہا کہ بقول ان کے حکومت پورے ملک میں آٹا چالیس روپے فی کلو بیچ رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹوروں پر شکر بھی سترروپے فی کلو دی جارہی ہے۔ انھوں نے وعدہ کیا کہ ان کی حکومت عوام کو گھی ، چاول ، دالیں ، آٹا اور شکر سستی قیمتوں میں فراہم کرتی رہے گی۔