پاکستانی وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خاتمے پر تاکید کی
https://urdu.sahartv.ir/news/pakistan-i407518-پاکستانی_وزیر_اعظم_نے_دہشت_گردی_کے_خاتمے_پر_تاکید_کی
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو ایک بار پھر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jun ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم نے دہشت گردی کے خاتمے پر تاکید کی

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو ایک بار پھر سے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت امن وامان سے متعلق  اہم اجلاس ہوا، جس میں ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا ۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر غور آئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت  کی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ ہر حال میں عوام کا تحفظ یقینی بنائیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں عوام کی رائے صرف کارکردگی سے ہی بدل سکتی ہے۔

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف کو دہشت گردی کے خاتمے اور اس ضمن میں لاحق خطرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے سدباب کے اقدامات اور قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا ۔